نئی دہلی،23ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گرفتار سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے تئیں یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تہاڑ جیل پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔سونیا اور منموہن سے ملاقات کے بعد چدمبرم نے دونوں کا اظہار تشکر کیا اور کہا کہ جب تک کانگریس جرات برقرار رکھے گی تب تک وہ بھی بہادر بنے رہیں گے۔آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گرفتار چدمبرم گزشتہ کئی دنوں سے تہاڑ میں بند ہیں۔ذرائع کے مطابق، سونیا اور منموہن صبح تقریبا نو بجے تہاڑ پہنچے اور انہوں نے چدمبرم سے ملاقات کی۔مانا جا رہا ہے کہ دونوں نے چدمبرم سے ان کی خیریت پوچھنے کے ساتھ ہی ان کے تئیں یکجہتی ظاہر کی۔کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو شکریہ اداکرنے کے ساتھ ہی چدمبرم نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں بے روزگاری، ہجومی تشدد، کشمیر میں تالابندی، روزگار ختم ہونے اور اپوزیشن رہنماؤں کو جیل میں ڈالنے کے علاوہ سب اچھا ہے۔آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گرفتار چدمبرم کی جانب سے ان کے خاندان نے ان کے باضابطہ ٹوئٹر ہینڈل پر تبصرہ پوسٹ کیا۔انہوں نے کہاکہ میں آج احترام کا احساس کر رہا ہوں کہ سونیا گاندھی جی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ جی مجھ سے ملنے آئے،جب تک کانگریس پارٹی مضبوط اور بہادر ہے، میں نے بھی مضبوط اور بہادر بنا رہوں گا۔چدمبرم نے کہاکہ بے روزگاری، کم تنخواہ، ہجومی تشدد، کشمیر میں تالابندی، موجودہ ملازمتوں کے ختم ہونے اور اپوزیشن رہنماؤں کو جیل میں ڈالنے کے علاوہ ہندوستان میں سب بہتر ہے۔ دراصل وزیر اعظم مودی نے اتوار کو امریکہ کے ہیوسٹن میں ’ہاڈی مودی‘ پروگرام میں کہا تھا کہ ہندوستان میں سب بہتر ہے، ملاقات کے بعد چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم نے نامہ نگاروں سے کہاکہ میرے والد اور میرے خاندان کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے بہت شکر گزار ہیں۔انہوں نے ملاقات کی اور اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی جنگ ہمارا حوصلہ بڑھانے والا ہے. اس سے پہلے 18 ستمبر کو کانگریس کے سینئر لیڈروں احمد پٹیل اور غلام نبی آزاد نے جیل میں چدمبرم سے ملاقات کی تھی۔غور طلب ہے کہ آئی این ایکس میڈیا معاملے میں چدمبرم کو گزشتہ دنوں عدالت نے عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔